مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے وینیزویلا میں سیاسی تبدیلی کے لیے دباؤ بڑھانے کی نئی پالیسی ترتیب دے دی ہے، جس کے تحت صدر نکولس مادورو کی حکومت کو کمزور کرنے کے لیے خفیہ کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے امریکی انتظامیہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واشنگٹن آئندہ چند دنوں میں اس نئی خفیہ مہم کا آغاز کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ فیصلہ کب کیا اور کارروائیوں کا دائرہ کار کیا ہوگا، تاہم امریکی حکام نئی پابندیوں اور دیگر اقدامات کے ساتھ وینزویلا کی حکومت پر دباؤ میں اضافہ چاہتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مادورو کے خلاف خفیہ کارروائیاں اس نئی حکمت عملی کا پہلا مرحلہ ہوں گی، جبکہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش بھی زیرِ غور ہے۔
امریکا گزشتہ برسوں سے وینزویلا میں سیاسی تبدیلی اور مادورو حکومت کے خاتمے کے لیے مختلف سیاسی، سفارتی اور معاشی اقدامات کرچکا ہے، مگر اب خفیہ آپریشنز کے ذریعے براہ راست مداخلت کے امکانات عالمی سطح پر نئی تشویش پیدا کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ